3 اکتوبر 2015 - 17:19
بحرین؛ نویدارات شہر پر چار روز سے محاصرہ، سیاسی کارکنوں کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے نویدارات شہر کو چار روز سے اپنے محاصرے میں لے رکھا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحرین کے ٹیلی ویژن چینل اللولوء نے خبردی ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے النویدرات شہر میں عام شہریوں کے گھروں پر چھاپے مار کر متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے اور پورے علاقے کو گذشتہ چار روز سے اپنے محاصرے میں لے رکھا ہے -

بحرینی سیکورٹی اہلکاروں نے سند اور القدم شہروں سے بھی عام شہریوں کو گرفتار کیا ہے- مقامی ذرا‏ئع کا کہنا ہے کہ آل خلیفہ کے حکومتی کارندوں نے اپنے مشکوک اقدامات کے تحت النویدرات شہر کے چاروں جانب خندقیں بھی کھودنی شروع کردی ہیں -جبکہ النویدرات شہر کی فضاؤں پر سیکورٹی فورس کے ہیلی کاپٹر مسلسل پروازیں انجام دے رہے ہیں جس کی وجہ سے عام شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جارہاہے -

ادھر بحرین کے سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں نے ملکی اور غیر ملکی سول سوسائٹیوں اور انسانی حقوق کی مدافع تنظیموں سے کہا ہے کہ وہ محصور شہر النویدرات کے باشندوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کریں۔
بحرین کی نیشنل ڈیموکریٹک ایکشن پارٹی یا وعد پارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تشدد اپنے مطالبات کو منوانے کا مناسب طریقہ نہیں ہوتا اس لئے ہمارا احتجاج پرامن ہے - مذکورہ بحرینی پارٹی نے تشدد کے خلاف مہم کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بحرین کی سبھی سیاسی پارٹیوں نے جو حکومت کے خلاف تحریک چلارہی ہیں سات نومبر دوہزار بارہ کو اس بات کا عہد کیا تھا کہ وہ اپنی تحریک کے دوران کسی بھی طرح کے تشدد کا سہارا نہیں لیں گی - وعد پارٹی نے کہا ہے کہ وہ اپنے اس وعدے پر قائم ہے اور پرامن طریقے سے اپنی تحریک جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ بحرینی عوام فروری دوہزار گیارہ سے شاہی حکومت کے خلاف پرامن مظاہرے کررہے ہیں - بحرینی عوام ملک میں سیاسی اصلاحات ، جمہوریت کے قیام اور آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں - جبکہ اس عرصے میں بحرینی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر سیکڑوں شہریوں کو شہید اور زخمی کردیا ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲